ٹمکور ،25؍جنوری (ایس او نیوز)صبح کی اولین ساعتوں میں چار ہتھیاربند لٹیروں کے ذریعے اے ٹی ایم مشین کی حفاظت پر مامور سیکیوریٹی گارڈ کو باندھنے کے بعد مشین توڑ کر کیش باکس سے21لاکھ روپوں سے زائد رقم لوٹ لے جانے کی واردات ٹمکور کے گُبّی گیٹ بائی پاس کے قریب پیش آئی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق کرناٹکا بینک کے اس اے ٹی ایم بوتھ میں صبح ۳ بجے کے قریب نقاب سے منھ ڈھکے ہوئے چار نوجوان داخل ہوئے جن کے ہاتھوں میں ہتھیار تھے۔ پھر انہوں نے وہاں پر موجود گنگنّا نامی سیکیوریٹی گارڈ کو باندھ ڈالا اور پھر مشین کو توڑ کراس کے خفیہ کیش باکس سے 2ہزار کے11,16,000 کرنسی نوٹ، 100روپے کے 2,82,300نوٹ اور500روپے کے 7,70,000کرنسی نوٹ لوٹ کر موقع سے فرار ہوگئے۔
اے ٹی ایم بوتھ میں ڈکیتی کی خبر ملتے ہی شہری پولیس تھانے کے سب انسپکٹر اوما شنکر اور دیگر اہلکار موقعۂ واردات پر پہنچے۔اور معاملہ درج کرلیا ۔ اس کے علاوہ ضلع ایس پی ایشا پنت، ایڈیشنل ایس پی منجو ناتھ، ڈی وائی ایس پی چیدانند سوامی اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔فنگر پرنٹس ماہرین اور ڈاگ اسکواڈ کے سہارے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
اس ڈکیتی کے سلسلے میں پولیس کو سیکیوریٹی گارڈ کے اس بیان پرشک ہے کہ اس کو نامعلوم نقاب پوشوں نے باندھ کر لوٹ مچائی ہے ۔ پولیس کے نقطۂ نظر سے شک کی سوئی ایک دن پہلے شام کو چار بجے مشین میں کیش رقم بھرنے کے لئے آئے ہوئے کمپنی کے اہلکاروں کی طر ف گھوم رہی ہے اورگمان کیا جاتا ہے کہ انہی لوگوں نے نقلی چابی کے ذریعے خفیہ لاک میں موجود کیش باکس تک رسائی حاصل کی ہوگی اور اس سازش میں سیکیوریٹی گارڈ گنگنّا کو بھی شامل کیا ہوگا۔
لہٰذاپولیس نے اے ٹی ایم مشین میں کمپنی طرف سے رقم بھرنے کے لئے آئے ہوئے رویش،مہیش ، اشوتھ اور سیکوریٹی گارڈ گنگنا کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔ پولیس ایس پی ایشا پنت کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم بوتھ اور اطراف میں موجود سی سی کیمرہ کے فوٹیج سے کچھ سراغ ہاتھ لگے ہیں اس کی بنیاد پر جلد ہی اس ڈکیتی کا پردہ فاش ہوجائے گا۔